سنجیو کمار کو ہندی سنیما کی تاریخ کا عظیم اداکار تسلیم کیا جاتا ہے جو ہندی سنیما میں سنجیو کمار کے نام سے شہرت اور مقبولیت سے پہلے اسٹیج ڈراموں میں ہری ہر جری والا کے نام سے کام کرکے سب کو چونکا چکے تھے۔ اپنے وقت کی تھیٹر اور ہندی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ شوکت کیفی نے بھی سنجیو کمار کے ساتھ اس زمانے میں کام کیا تھا جب وہ شہرت کے زینے طے کررہی تھیں اور ہری ہر جری والا نے ابھی اس نگری میں پہلا قدم رکھا تھا۔
ہری ہر جری والا کی سب سے بڑی خاصیت یہ تھی کہ وہ اپنی عمر سے کہیں بڑے کرداروں کو اتنی حقیقت پسندی سے نبھاتے کہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے تھے۔ وہ صرف 22 سال کے تھے جب انھوں نے تھیٹر اسٹیج پر ساٹھ سالہ بوڑھے آدمی کا کردار نبھا کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ شوکت کیفی نے اپنی خود نوشت میں اس کا تذکرہ کیا ہے۔ شوکت کیفی اردو کے ممتاز ترقی پسند شاعر کیفی اعظمی کی شریکِ حیات اور بولی وڈ کی مشہور آرٹسٹ شبانہ اعظمی کی والدہ تھیں۔ وہ اپنی خودنوشت میں لکھتی ہیں:
1950ء میں ہنگل صاحب پاکستان سے ہندوستان آگئے تھے۔ ہنگل صاحب اور آر ایم سنگھ صاحب دونوں ہی پارٹی ممبر تھے۔ انہوں نے مل کر اِپٹا کو سنبھال لیا۔ دو ڈرامے کیے۔ یہ دونوں ہی ڈرامے ہٹ ہوئے۔

