
ملتان : پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے تعاون سے نومبر میں شیڈول 27ویں نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری جنرل پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن محمد جمیل کامران نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم کے ہمراہ قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔
محمد جمیل کامران نے کہا کہ 32 سال بعد ملتان کو قومی بیس بال چیمپئن شپ کی میزبانی ملنا باعث فخر ہے اور جنوبی پنجاب کے کھلاڑی اس ایونٹ کے منتظر ہیں۔ قاسم باغ سٹیڈیم کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر گراؤنڈ کو چیمپئن شپ کے لیے تیار کرنے کے اقدامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عدنان نعیم نے کہا کہ ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے گراؤنڈ کی بہتری اور تزئین و آرائش کا کام جلد شروع کیا جائے گا تاکہ مقررہ وقت پر مثالی انتظامات مکمل ہوسکیں اور ملک بھر سے آنے والے کھلاڑیوں وآفیشلز کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

