بانی پی ٹی آئی کیلئے اسپتال میں ہزاروں مربع فٹ پر محیط بیسمنٹ تیار، تمام سہولیات جدید ٹیکنالوجی سے لیس، سابق وزیراعظم کیلئے سیکیورٹی پروٹوکول اور خصوصی انتظامات بھی ہوچکے ہیں، صحافی مہر بخاری کی خبر

صحافی مہر بخاری کا کہنا ہے کہ شفا اسپتال میں عمران خان کے طبی قیام کے لیے بڑی تیاریاں مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ایکس پر مہر بخاری کی خبر کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے علاج معالجے کے لیے شفا اسپتال میں ہزاروں مربع فٹ پر محیط ایک وسیع بیسمنٹ خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو طبی معائنے کے لیے گزشتہ رات اسپتال لایا جا چکا ہے، جہاں ان کے مختصر دورانیے کے طبی معائنے کیے گئے اور انہیں واپس لے جایا گیا۔
ذرائع کے مطابق خصوصی طور پر محفوظ بنائے گئے علاقے میں دو الگ میڈیکل رومز، ایک بڑا میڈیا روم اور وسیع ویٹنگ ایریا شامل ہیں، جبکہ تمام سہولیات کو جدید ٹیکنالوجی، فرنیچر اور نگرانی کے نظام سے لیس کیا گیا ہے۔
اسپتال میں ایس او پیز، رسائی، پارکنگ اور سیکیورٹی پروٹوکولز میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کے باعث دباؤ بھی بتایا جا رہا ہے۔ اسپتال کے عملے اور تیمارداروں کے لیے سخت پابندیاں عائد کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جن میں باہر سے کھانا لانے پر پابندی بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپتال اب سابق وزیراعظم کے استقبال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اس حوالے سے خصوصی انتظامات اور سیکیورٹی پروٹوکولز نافذ کر دیے گئے ہیں۔

