عمان میں انڈین سفارت خانہ مسلسل صورتِ حال کی نگرانی کر رہا ہے‘جہازپر20انڈین ملاح سوار تھے. بھارتی وزارت خارجہ

انڈیا نے عمان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات تشویش کا باعث ہیں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے.
انڈین وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تجارتی جہاز ایم وی کیپ ڈاﺅ پر حملے کے وقت اس میں 20 انڈین ملاح سوار تھے ان میں سے 19 کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ ایک انڈین شہری ہلاک ہو گیا.
انڈین حکومت کا کہنا ہے کہ عمان میں انڈین سفارت خانہ مسلسل صورتِ حال کی نگرانی کر رہا ہے اور عمانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ متاثرہ ملاحوں کی جلد وطن واپسی یقینی بنائی جا سکے وزارتِ خارجہ نے کہا کہ خطے میں تجارتی جہازوں پر مسلسل حملے شدید تشویش کا باعث ہیں.
انڈیا نے کشیدگی میں کمی اور امن کی بحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا ہے انڈین وزارتِ خارجہ کے مطابق تجارتی جہازوں، ملاحوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے بیان میں کہا گیا کہ خطے کی بین الاقوامی سمندری گزرگاہوں میں جہاز رانی اور تجارتی سرگرمیوں کی بلا تعطل بحالی بھی جلد از جلد یقینی بنائی جانی چاہیے.

