تھیٹر انڈسٹری کے سینئر اداکار ملک آصف اقبال انتقال کرگئے

4

انہیں اچانک دل کا شدید دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی

لاہور  : پاکستانی تھیٹر انڈسٹری کے سینئر اور معروف ڈرامہ فنکار ملک آصف اقبال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں، ایک اور ہنسانے والے اور ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے اداکار کے اچانک بچھڑ جانے کی خبر نے شوبز بالخصوص تھیٹر حلقوں میں گہرے دکھ، صدمے اور افسوس کی لہر دوڑا دی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ملک آصف اقبال کو اچانک دل کا شدید دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے پاکستان تھیٹر انڈسٹری سے وابستہ رہے اور انہوں نے اپنے منفرد اندازِ اداکاری، ڈائیلاگ ڈیلیوری اور فی البدیہہ جملے بازی سے شائقینِ ڈراما کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا، اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد اسٹیج ڈراموں میں یادگار اور جان دار کردار ادا کیے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ان کی اداکاری میں برجستگی اور برجستہ مزاح نمایاں تھا، جس کی بدولت وہ تھیٹر بینوں میں بے حد مقبول تھے، سینئر اداکار کے ناگہانی انتقال پر اسٹیج ڈراموں کے ساتھی فنکاروں، مداحوں اور شوبز انڈسٹری کی ممتاز شخصیات کی جانب سے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، فنکاروں اور تھیٹر آرٹسٹوں نے مرحوم کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک آصف اقبال کا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا اور تھیٹر انڈسٹری کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں