عالمی بینک مشن کا بلوچستان میں اے ایس پی آئی آر ای پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ

6

کوئٹہ  : عالمی بینک کے امپلیمنٹیشن سپورٹ مشن نے بلوچستان میں جامع اور ذمہ دارانہ تعلیم کے فروغ کے پروگرام اے ایس پی آئی آر ای (ASPIRE) پر عملدرآمد، پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا۔15 سے 21 ستمبر 2026 تک جاری عالمی بینک کے امپلیمنٹیشن سپورٹ مشن کے اجلاس میں بلوچستان ایجوکیشن سپورٹ پروگرام (PMU-BESP) کی پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ نے شرکت کی۔

اجلاس میں حکومت بلوچستان کے محکمہ سکول ایجوکیشن کے سیکرٹری لال جان جعفر، پروجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو بی ای ایس پی حافظ محمد قاسم، چیف پلاننگ آفیسر عبدالخالق اچکزئی، ایڈیشنل سیکرٹری سعید احمد ڈمر اور پی ایم یو بی ای ایس پی کی ٹیم نے آن لائن شرکت کی۔عالمی بینک کے وفد میں ٹاسک ٹیم لیڈر و ایجوکیشن اسپیشلسٹ ملیحہ حیدر، سینئر اکانومسٹ کوئن مارٹن گیون، سینئر فنانشل مینجمنٹ اسپیشلسٹ اکمل منی اللہ، سینئر پروکیورمنٹ اسپیشلسٹ ریحان حیدر، سوشل ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ شان رحمان، سینئر انوائرمنٹ اسپیشلسٹ الفونس ایمادک اور ایجوکیشن کنسلٹنٹ نمرہ طارق شامل تھے۔

اجلاس میں اے ایس پی آئی آر ای کے اضافی مالی معاونت کے تحت جاری منصوبوں پر عملدرآمد اور آپریشنل پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران وفاقی اور صوبائی ورک پلانز پر پیش رفت، فنڈز کے استعمال، رزلٹس فریم ورک کے اشاریوں کے حصول، تکنیکی ترجیحات اور پروگرام ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے پروگرام پر اب تک ہونے والی پیش رفت، عملدرآمد میں درپیش چیلنجز اور آئندہ کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔

عالمی بینک کے مشن نے موثر عملدرآمد کیلئے تمام متعلقہ فریقین کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے ذریعے طے شدہ اہداف کے حصول پر زور دیا۔اجلاس میں پروگرام کی موثر تکمیل کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ متعلقہ اداروں نے عملدرآمد کی رفتار برقرار رکھنے اور طے شدہ ترجیحات کے مطابق اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں