ڈرون حملے سعودی عرب کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کی بھی کھلی خلاف ورزی اور خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں. ترجمان دفترخارجہ کا بیان

اسلام آباد/ریاض : پاکستان نے سعودی عرب کے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں پائپ لائن کو ڈرون حملوں سے نقصان پہنچا، جس میں شہری زخمی ہوئے، سعودی عرب میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے.
اپنے بیان میںدفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ڈرون حملے سعودی عرب کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں، ڈرون حملے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کی بھرپور حمایت کرتا ہے، پاکستان سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا. دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو ان کے ترک ہم منصب ہاکان فیدان نے ایسے وقت میں ٹیلی فون کیا جب ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو عراق سے آنے والے حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ سعودی عرب کو حوثیوں کے حملوں کا بھی سامنا ہے ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے تعاون، علاقائی کشیدگی کم کرنے کی مشترکہ کوششوں اور خطے میں جاری تناﺅ پر قابو پانے کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا.

