جو وزیراعلیٰ ہاؤس کا خرچہ اپنی جیب سے ادا کرتی ہیں تو اگر انہوں نے سرکاری جہاز استعمال کرلیا تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے، حذیفہ رحمان

لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی و وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سرکاری جہاز کے استعمال سے متعلق تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ نے سرکاری جہاز استعمال کیا ہے تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ حذیفہ رحمان کا کہنا تھا کہ مریم نواز تنخواہ نہیں لیتیں، ٹی اے ڈی اے بھی وصول نہیں کرتیں اور گزشتہ ڈھائی سال کے دوران انہوں نے اپنے اوپر ایک بھی سرکاری خرچ نہیں کیا۔ان کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس کے اخراجات بھی مریم نواز اپنی جیب سے ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پنجاب حکومت کے فلیٹ میں موجود ایک، دو یا تین جہازوں کی مکمل تفصیلات کا علم نہیں۔ تاہم پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ 1122 کی اسپیشل سروس کے لیے ایک یا دو جہاز خریدے ہیں تاکہ عوام کو صحت سے متعلق بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ممکن ہے پنجاب حکومت نے اپنا پرانا جہاز تبدیل کیا ہو یا نیا جہاز خریدا ہو، تاہم انہیں اس بارے میں مکمل معلومات نہیں ہیں۔حذیفہ رحمان کے مطابق وزیراعلیٰ یا وزیراعظم کے دوروں کے دوران سکیورٹی، اسٹاف اور دیگر سہولیات عہدے کے استحقاق میں شامل ہوتی ہیں۔ اگر مریم نواز نے سرکاری جہاز صرف سفر کے لیے استعمال کیا ہے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری جہاز کے استعمال کو بنیاد بنا کر مریم نواز پر تنقید کرنا، جبکہ وہ تنخواہ، ٹی اے ڈی اے اور دیگر سرکاری اخراجات نہیں لیتیں، محض پروپیگنڈا ہے۔

