ہر مسئلہ بندوق سے حل کرنے کی ذہنیت نے ملک میں شورش کا ماحول بنایا ہوا ہے، فواد چوہدری

pic 803d1 1776934076.jpg 4

اگر آپ زور زبردستی کرتے ہیں تو تلخیاں مزید بڑھیں گی، عمران خان سے بات کیے بغیر پاکستان میں سیاسی ماحول میں ٹھہراؤ ناممکن ہے، کتنا وقت اور ضائع کرنا ہے؟ سابق وفاقی وزیر کا بیان

pic 803d1 1776934076.jpg

سابق وفاقی وزیر اور سیاستدان فواد چوہدری نے ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت کو دھوکہ قرار دیا اور کہا ہے کہ عمران خان سے براہِ راست مذاکرات کیے بغیر ملک میں سیاسی استحکام کا قیام ناگزیر اور ناممکن ہے۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریکِ انصاف کے موجودہ مذاکراتی ڈرامے سے صرف پاکستان کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، طاقت اور زور زبردستی سے سیاسی تلخیاں مزید بڑھیں گی، نومبر 2024ء کا لانگ مارچ بھی روک لیا گیا تھا لیکن کیا اس سے ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آیا؟ الٹا اس سے پاکستان مزید کمزور ہوا اور کشمیر سے لے کر بلوچستان اور خیبر پختونخواہ تک پورے ملک میں بے چینی کی آگ بھڑک اٹھی۔

فواد چوہدری نے حکومت کو عقل کے ناخن لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو کوٹ لکھپت جیل میں قید شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ جیسے سينئر رہنماؤں کو فوری ریلیف دیا جائے تاکہ بات چیت کی حقیقی فضا بن سکے۔

مشرقِ وسطیٰ کے بحران اور معاشی مواقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت خلیجی خطہ اور مشرقِ وسطیٰ بدترین جنگی بحران کی زد میں ہیں اور وہاں سے سرمایہ تیزی سے منتقل ہو رہا ہے، یہ پاکستان کے لیے بہترین موقع تھا کہ مقامی اور عالمی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کرتے لیکن ہمارے حکمرانوں نے ملک کے اندر سیاسی درجہ حرارت اتنا بڑھا رکھا ہے جیسے یہاں خانہ جنگی کا سماں ہو، ترکیہ، ملائیشیا اور سنگاپور مشرقِ وسطیٰ کے اس بحران سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مقتدر حلقوں اور حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسئلے کو بندوق کی نوک پر حل کرنے کی ذہنیت نے ملک میں شورش پیدا کر رکھی ہے، مزید تباہی کے بعد بھی بلاخر مذاکرات کی میز پر ہی آنا پڑے گا، اس لیے وقت ضائع کیے بغیر اب بھی ہوش کے ناخن لیے جائیں، عمران خان سے بات کیے بغیر پاکستان میں سیاسی ٹھہراؤ کسی صورت ممکن نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں