پیٹرول کی قیمت 84 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی

اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 84 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 389 روپے 28 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 412 روپے 12 پیسے مقرر کردی گئی۔نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دو ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں، جس کی بڑی وجہ خلیج سے تیل کی سپلائی میں بہتری کے امکانات اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی امید کو قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کے نومبر کے معاہدے کی قیمت 2.01 ڈالر یا 2 فیصد کمی کے بعد 98.33 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی اکتوبر ڈیلیوری 2.50 ڈالر یا 2.61 فیصد گر کر 93.28 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو آئندہ سات روز میں دوبارہ کھولنے کے امکان کے اشاروں نے عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی سے متعلق خدشات کم کیے ہیں۔

