پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال جانیے

pti 8

  • پنجاب بھر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے
  • پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے رینجرز کی خدمات بھی طلب کرلی ہیں
  • چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کاکہنا ہےکہ ہم چاہتےہیں کہ ہمارا مارچ بھی ہو اور پرامن بھی ہو
pti

پی ٹی آئی اپنے صوبےکا بارڈر کراس نہیں کرسکیں گے، یہ ڈی چوک کے باہر الٹا لٹک جائیں، ان کا لیڈر ایسے آزاد نہیں ہوگا: فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اتنی نااہل حکومت ہےکہ ان کے پاس مستقل وزیر داخلہ نہیں۔

گورنرخیبرپختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ کا آرڈر ہے کہ سرکاری وسائل استعمال نہ کیے جائیں، یہ لوگ سرکاری وسائل پر پارٹی چلانا چاہتے ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نےکہا یہ اپنی پارٹی کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں، سرکاری کام کے لیے نہیں، ہر جگہ سے آپ کو فنڈز آرہے ہیں، اپنے فنڈز بھی کھا جاتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نےکہا یہ اپنے صوبے کا بارڈر کراس نہیں کرسکیں گے، یہ ڈی چوک کے باہر الٹا لٹک جائیں ، ان کا لیڈر ایسے آزاد نہیں ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات کی تردید کردی۔

پی ٹی آئی والے جلسہ جلوس کرنے نہیں بلکہ ہمیشہ کسی یلغار یا حملے کیلئے آتے ہیں، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ماضی آپ کے سامنے ہے، یہ سیاسی جلسہ جلوس کرنے نہیں بلکہ ہمیشہ کسی یلغار یا حملے کے لیے آتے ہیں۔

جیو نیوز سےگفتگو میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے ہمیشہ انتشار جیسی صورتحال پیدا کرتے ہیں، وفاقی حکومت کا فرض بنتا ہے وہ اسلام آبادکے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ہم اس حکم پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔

 طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے جو کہتے ہیں وہ کرتےنہیں ہیں، یہ کہتے تھے اسمبلیاں توڑیں گے یا استعفے دیں گے تو کوئی انقلاب آجائےگا، تحریک انصاف والے اندر سے خود توڑ پھوڑ کا شکار ہیں، ہم نے سارے انتظامات کیے ہیں، کنٹینر پڑے ضرور ہیں لیکن وہ ابھی سائیڈ پر ہیں، کسی بھی کنٹینر نے ابھی تک کسی کا راستہ نہیں روکا، اسلام آباد میں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے، ضرورت پڑنے پر یہ کنٹینر اسلام آباد کے لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کےلیے ضرور استعمال ہوں گے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ سومنات والا بیان کس نے دیا؟ طاقت کا کم سےکم استعمال ہمیشہ حکومت کی پالیسی رہا ہے، وہ وسائل جو خیبر پختونخوا کی تعلیم اور صحت پر لگنے چاہیے یہ مارچ میں استعمال کرتے ہیں، ہم نہیں چاہیں گے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگے، انڈر 19 کا ایک بچہ خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سمجھ نہیں آتی وہ گاڑی میں بیٹھ کر لائیو ویڈیو چلاتےہیں کہ وہ اغوا ہوگئے ہیں،کبھی فٹ پاتھ پربیٹھ کر ہمدردی لینے کی کوشش کرتے ہیں۔

اسلام آباد سومنات نہیں، سوچ سمجھ کر آنا، کچھ لیکر نہیں بلکہ دیکر جاؤ گے: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 13 سال سے ایک صوبے کو لوٹا جارہا ہے  لیکن پھر بھی تسلی نہیں، ہر دوسرے دن وفاق پر حملے کی تیاری شروع کردی جاتی ہے۔

خواجہ آصف نے سومنات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا سومنات پر 17 حملے ہوئے تھے، گنتی کرلیں کتنے ہوگئے، کتنے باقی ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا تاریخ بتاتی ہے سومنات پر بار بار حملے کیوں ہوتے تھے لیکن اسلام آباد سومنات نہیں، سوچ سمجھ کر آنا، کچھ لے کر نہیں بلکہ دے کر جاؤ گے، کے پی کا بھی 13 سال کا حساب دینا ہوگا۔

25 ستمبرکو قیادت کی جانب سے لانگ مارچ کا پلان دیا جائےگا: اسد قیصر

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہم پرامن اور جمہوری لوگ ہیں، آپ جس لہجے میں بات کرتے ہیں یاد رکھیں وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔

اسد قیصر نےکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیسٹ میچ ہے، ٹی 20 یا ون ڈے نہیں ہے، 25 ستمبرکو قیادت کی جانب سے لانگ مارچ کا پلان دیا جائےگا، 27ستمبر کا لانگ مارچ پرامن ہوگا۔

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستوں پر ایک ہزار کنٹینر موجود

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ، اسلام آباد کنٹینروں سے ڈھک دیا گیا ، وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستوں پر ایک ہزار کنٹینر موجود ہیں، شہر کے اندر بھی ایک ہزار کنٹینر پہنچا دیے گئے۔

اسلام آباد میں 16 ہزار اہلکار مارچ کا راستہ روکیں گے، جیو نیوز کو دستیاب مجوزہ پلان کے مطابق مظاہرین کو اسلام آباد داخل نہیں ہونے دیا جائے گا ، اگر آ بھی گئے تو ڈی چوک تک نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔ 

اسپیکر کے پی اسمبلی کا ارکان کو سکیورٹی فراہم کرنےکیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی کو مراسلہ

اسپیکرکے پی اسمبلی نے ارکان کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی کو مراسلہ بھیج دیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ارکان اسمبلی کو سکیورٹی فراہم کرنا انتظامی نہیں بلکہ قانونی ذمہ داری ہے ، قانون کےمطابق ہررکن اسمبلی اپنی مدت کے دوران کیٹیگری بی سکیورٹی کا حقدار ہے۔

چند دنوں سے ہمارے کارکنوں، عہدیداروں اورکابینہ ارکان کو نشانہ بنایا جارہا ہے: سہیل آفریدی

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ چند دنوں سے ہمارے کارکنوں، عہدیداروں اورکابینہ ارکان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا صوبائی وزیر شکیل خان پر قاتلانہ حملہ اور انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی، کل ہمارے وزیر آب پاشی ریاض خان کے گھر پر بھی کچھ لوگ آئے تھے، ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع میں بھی ہمارے کارکنوں اور منتخب نمائندوں کے ساتھ یہی سلوک کیا جا رہا ہے، مردان میں ایم این اے فضل خان کو اغوا کیا گیا، فخر جہان کے گھر پر بھی نامعلوم افراد نے دھاوا بولا۔

 سہیل آفریدی نے کہا اگر صوبائی وزراء بھی محفوظ نہیں تو باقی پاکستان کا کیا حال ہوگا، یہ لوگ عوامی طاقت سے ڈرے ہوئے ہیں، کوئی عقل رکھنے والا شخص اس طرح کے اقدامات نہیں کرتا، کابینہ ارکان کے ساتھ ایسا سلوک ناقابل قبول ہے۔

موٹروے ایم 2 پر لاہور سے آنیوالی کوئی بھی مال بردار اور بڑی گاڑی اسلام آباد میں داخل نہیں ہوسکےگی

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق  موٹر وے ایم 14 آج شام سے ہکلہ تا کنڈل ٹریفک کے لیے بند کردی جائےگی۔ جی ٹی روڈ این 5 بھی اٹک خورد سے آج شام ٹریفک کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پشاور موٹر وے ایم ون بھی رات 11 بجے سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگی۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ؛ پنجاب حکومت نے رینجرز کی خدمات طلب کرلیں، صوبے میں دفعہ 144 بھی نافذ

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق  وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلے میں راولپنڈی ، اٹک ، جہلم اور میانوالی میں رینجرز تعیناتی کے لیےکہا ہے۔پنجاب حکومت نے27 ستمبر سے ضلع اٹک اور  راولپنڈی کےمخصوص علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنےکی بھی درخواست کی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے امن و امان کی متوقع صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے، جس میں موبائل فون ، انٹرنیٹ سروسزکی بندش اور سگنل کمزور کرنےکی درخواست کی گئی ہے۔ راولپنڈی میں مخصوص مقامات پر انٹرنیٹ جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے ایم این اے جنید اکبر کے خلاف این سی سی آئی اے میں مقدمہ درج

ریاست کی مدعیت میں درج مقدمے میں جنید اکبر کی ویڈیو میں مبینہ دھمکی آمیز بیان کا حوالہ دیا گیا ہے۔ مقدمے میں جنید اکبر  پر مبینہ طور پر ریاست مخالف بیان اور بیانیہ پھیلانے کا الزام عائدکیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں جنید اکبر کی ویڈیو میں مبینہ دھمکی آمیز بیان کا حوالہ دیتے ہوئےکہا گیا ہےکہ جنید اکبر کے بیان میں اسلام آباد کوسومنات بنانے کی بات کی گئی، بیان سے خوف و ہراس اور عوامی تحفظ کو خطرہ پیدا ہوا۔

جب معیشت ترقی کرتی ہے تو پی ٹی آئی والے دھرنے اور احتجاج شروع کردیتے ہیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جب معیشت ترقی کرتی ہے تو یہ دھرنے اور احتجاج شروع کردیتے ہیں، خیبرپختونخواکووفاق کی جانب سے پیسےنہ ملنے کا تاثر غلط ہے،، لوگوں کو جھوٹے بیانیے کےپیچھے لگا کر ذہن سازی کی گئی۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی نے کوئی کام نہیں کیا، پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کو 13 سال میں بربادکرکے رکھ دیا۔کوہاٹ اور ہنگو میں صورتحال خراب ہے اور کے پی حکومت کے ذمہ داران ٹک ٹاک بنانے میں مصروف ہیں ، سیاست کا مطلب عوام کے درمیان رہنا اور ان کے مسائل کو سمجھنا ہے.

چاہتے ہیں کہ ہمارا مارچ بھی ہو اور پرامن بھی ہو، چیئرمین پی ٹی آئی

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہےکہ چاہتے ہیں کہ ہمارا مارچ بھی ہو اور پرامن بھی ہو، لیکن ایک حکومتی ٹولہ ہمارےلانگ مارچ کےحوالے سے پروپیگنڈا کر رہاہے، وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم اداروں پر حملہ آور ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہےکہ یہ حکومتی ٹولہ جو بیانیہ بنارہاہے اس کا کوئی بندوبست کرناہوگا، سیاسی مسائل کا سیاسی حل نکالنا ہوگا،کچھ لوگ سیاسی مسائل کاسیاسی حل نہیں چاہتے۔ ہمیں پتا ہے کہ ہمیں کس سے بات کرنی ہے، بات ہونی چاہیے لیکن بدقسمتی سے بات نہیں ہو رہی، محمود اچکزئی ، علامہ ناصرعباس اور پی ٹی آئی قیادت بات چیت کے لیے تیار ہے، حکومت کی بات چیت کی پیشکش صرف پیشکش ہے، اس میں عملی کچھ نہیں، حکومت میں مسائل ختم کرنےکی کوئی سوچ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں