لاہور پولیس نے علیمہ خان کو حراست میں لے لیا

Aleema Khan 4

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ پولیس نے جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ پولیس نے جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔

پی ٹی آئی کے پنجاب کے ترجمان نے اتوار کو علیمہ خان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے حکومت پر انہیں ’’اغوا‘‘ کرنے کا الزام عائد کیا۔ ایکس پر جاری کردہ پارٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے علیمہ خان کو ان کے گھر کے باہر سے حراست میں لیا ہے۔

علیمہ خان کے بیٹے شیریز خان نے ایکس پر لکھا ’میری والدہ علیمہ خان کو آج صبح گھر سے نکلنے کے بعد اغوا کر لیا گیا۔ ’ہمارے خاندان کا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا اور نہ ہی ہمیں ان کے بارے میں کوئی اطلاع ملی ہے کہ وہ کہاں ہیں۔

’لاہور میں ان کے خلاف درج تمام مقدمات میں وہ ضمانت پر ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ان کے بارے میں معلومات فراہم کرے اور ان کی بحفاظت واپسی یقینی بنائے۔‘

پی ٹی آئی کے برطانیہ میں مقیم رہنما زلفی بخاری نے علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کے خوف کا نتیجہ ہے۔

ادھر لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ علیمہ خان کو گرفتار کر کے 30 روز کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3 کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے علیمہ خان اور محمد عامر کو گرفتاری کے بعد 30 روز کے لیے نظربند کرنے کا حکم دیا ہے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ پولیس اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی رپورٹس کے مطابق دونوں افراد حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف قابل اعتراض نعرے بازی کے ذریعے عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے شہر میں امن و امان کی صورت حال متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

حکم نامے کے مطابق دونوں کو سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور میں رکھا جائے گا اور یہ کہ دونوں افراد کو اس فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت کے سامنے درخواست یا نمائندگی کا حق حاصل ہوگا۔

عمران خان کی پارٹی نے آئندہ ہفتے اسلام آباد کی جانب مارچ کا اہتمام کیا ہے، جس کا مطالبہ عمران خان کی رہائی ہے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کو کہا تھا کہ حکومت احتجاجی مارچ روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں