عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کےلئے وزیراعظم ایک بڑا اور جامع ریلیف پیکج کا اعلان کریں. نائب امیر جماعت اسلامی

لاہور : جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کے پانچ ادوار ہوئے تاہم حکومتی کمیٹی ان مذاکرات میں کوئی ٹھوس تجویز پیش نہیں کرسکی. منصورہ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران حکومت کو پٹرولیم لیوی کے خاتمہ کے لیے جامع اور ٹھوس تجاویز دی گئیں ، تاہم حکومت کی جانب سے تجاویز پر عمل کرنے کی بجائے ٹال مٹول سے کام لیا گیا.
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مکمل ریلیف پیکج کے بغیر حکومت کے ساتھ مزید مذاکرات بے معنی اور وقت کا ضیاع ہیں حکومت اگر واقعی سنجیدہ ہے تو وزیراعظم شہباز شریف کو براہ راست مذاکراتی عمل میں شامل ہونا ہوگا. لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی ”لالی پاپ“ میں نہیں آئے گی حکومت کو چاہیے کہ عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے وزیراعظم ایک بڑا اور جامع ریلیف پیکج کا اعلان کریں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے مطالبات پر واضح اور عملی اقدامات چاہتی ہے، محض یقین دہانیوں یا عارضی ریلیف سے مسئلہ حل نہیں ہوگا.

