وفاقی وزیر مواصلات کی ہائی مورل گراؤنڈ پر یہ روایت دیگر صاحبِ حیثیت سیاستدانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، رہنماء آئی پی پی فیاض الحسن چوہان

لاہور : سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان نے 22 غیرملکی سرکاری دورے کیے, اِن کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ تمام دورے ذاتی طیارے اور ذاتی اخراجات سے کیے گئے۔ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق صدر استحکامِ پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اپنی موجودہ وزارتِ مواصلات کے دور میں سرکاری سطح پر بائیس غیر ملکی دورے کیے ہیں۔
اِن تمام دوروں کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ تمام سرکاری نوعیت کے دورے عبدالعلیم خان نے اپنے ذاتی طیارے میں اور ذاتی اخراجات سے کیے۔ آج کل کے دور میں یہ ایک انتہائی قابلِ صد تحسین مثال ہے کہ سرکاری دورے اپنے نجی طیارے اور اخراجات سے کیے جائیں۔
عبدالعلیم خان کی ہائی مورل گراؤنڈ پر مبنی یہ روایت دیگر صاحبِ حیثیت سیاستدانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نجی دورے کیلئے سرکاری جہاز استعمال کرنے کے معاملے پر صحافیوں اور سیاستدانوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔ سابق وزیر اسد عمر نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مریم بی بی نے فخر سے کہا کہ میں نے پونے 3 کروڑ لندن جہاز لے جانے پر خرچ کئے۔ بی بی آپ کے صوبہ میں حکومتی رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ مزید لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں اللہ کا خوف نہیں آتا اس طرح شاہ خرچیاں کر کے پھر فخر سے اس پر ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے جب آپ کے صوبہ کے عوام اتنی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہوں؟ اسی طرح سینئر صحافی حامد میر نے جیو نیوز میں اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بڑا تلخ لہجہ تھا، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بڑی تکلیف ہے کہ وزیراعلیٰ اپنے جہاز پر لندن کیوں گئیں؟ انہوں نے تنقید کرنے والوں پر الزامات بھی لگائے ہیں۔
لیکن ان کی خدمت میں عرض ہے کہ آپ کے مئوقف میں کافی تضاد پایا جاتا ہے، لہذا وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بیانات میں تضاد پر خود ہی غور کریں، کچھ دن پہلے انہوں نے لندن میں فرمایاتھا کہ وہ چھٹی پر ہیں آج اپنے سرکاری جہاز کے ذاتی استعمال کو جائز ثابت کرنے کے لیے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کبھی چھٹی پر نہیں ہوتا۔ ان کی ساتھی وزراء کے بیانات بھی آپس نہیں ملتے ایک وزیر صاحبہ نے کہا تھا کہ یہ جہاز ائر پنجاب کے لئے خریدا گیا ، ہم نے ایک فلیٹ بنانی ہے، ایئرپنجاب کیلئے ہمیں جہاز خریدنا پڑیں گے یا پھر لیز پر لینا پڑیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلی مریم نوازشریف نے جلسہ عام میں جہاز کے کرائے کی ادائیگی کی رسید دکھا دی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان میں الیکٹروبس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی گریجوایشن کی تقریب میں جانے کیلئے جہاز کے استعمال پر پونے تین کروڑ روپے ادا کئے ہیں – جہاز کے ایندھن، پارکنگ اور دیگر واجبات اپنی جیب سے ادا کئے ہیں۔

