لیکن اُس کی وزیراعلٰی ایک وقت میں 3 کروڑ روپے کی جہاز یاترا کرتی ہی، وہ تو بھلا ہو سوشل میڈیا کا ورنہ یہ پونے 3 کروڑ بھی اس مظلوم قوم کے کھاتے میں ڈال دئیے جاتے۔ سربراہ عوام راج تحریک کا ردعمل

لاہور : عوام راج تحریک کے سربراہ اقرارالحسن کا کہنا ہے کہ غریب قوم کا بچہ بچہ ایک وقت کی روٹی کا محتاج ہے، لیکن اُس کی وزیراعلٰی ایک وقت میں 3 کروڑ روپے کی جہاز یاترا کرتی ہی۔ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ کون بے حس اور بے ضمیر لوگ ہیں یہ۔۔۔ جس غریب قوم کا بچہ بچہ ایک وقت کی روٹی کا محتاج ہے اُس کی وزیراعلٰی ایک وقت میں تین کروڑ روپے کی صرف جہاز یاترا کرتی ہیں۔
وہ تو بھلا ہو سوشل میڈیا کا ورنہ یہ پونے تین کروڑ بھی اس مظلوم قوم کے کھاتے میں ڈال دئیے جاتے۔ ویسے ابھی بھی کون جانتا ہے کہ ٹرپ کی اصل رقم کیا تھی اور یہ بھی کہ یہ پونے تین کروڑ دے کر مزید کتنے کروڑ آپ کی انتڑیوں سے نکالے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب مڈل کلاس والے صرف ووٹر نہیں، امیدوار بھی ہوں گے، پاکستان کا عام آدمی دوسروں کے اقتدار کے لیے نعرے نہیں مارے گا، اپنے لیے جدوجہد کرے گا۔
شخصیت پرستی اور موروثیت کے بُت ٹوٹیں گے اور عوام کا راج ہو گا۔ یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دورہ لندن کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال کی رقم ادا کردی تاہم بنک چالان کی رسید سے ایک تنازع کھڑا ہوگیا ہے کیونکہ اس پر وصولی کی مہر میں 18 ستمبر کی تاریخ درج ہے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز نے اپنے ذرائع سے حاصل کردہ نیشنل بنک کی رسید کا جو عکس شیئرکیا ہے اس پر رقم کی وصولی کی تاریخ 18 ستمبر جبکہ ادائیگی کی تاریخ 17 ستمبر درج ہے، نیشنل بنک کی کیش ٹرانسفر سلپ کے مطابق رقم بنک آف پنجاب کے ایک اکاﺅنٹ سے اداکی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کی جانب سے پنجاب حکومت کو 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کی ادائیگی کی ہے ‘سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو واجبات کی ادائیگی کے لیے باضابطہ مراسلہ جاری کیا مراسلے کے مطابق وزیراعلیٰ نے 5 سے 9 ستمبر 2026ء تک پنجاب حکومت کا طیارہ ذاتی غیر ملکی دورے کے لیے استعمال کیا، جیٹ اسٹریم انٹرنیشنل اور پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کی جانب سے طیارے کے اخراجات کے بل موصول ہوئے تھے پنجاب حکومت یا وزیراعلی پنجاب کے ترجمان کی جانب سے ”جیونیوز“پر شیئرکی جانے والی رسید پر ابھی تک کوئی وضاحت نہیں جاری کی گئی۔

