فیملی ولاگنگ کے نام پر فحش و نامناسب مواد کی روک تھام کا فیصلہ

13

سوشل میڈیا کے استعمال کیلئے عمر کی حد مقرر کرنے کی تجویز، ریگولیٹری قوانین مزید سخت کیے جائیں گے

اسلام آباد :  وفاقی حکومت نے ملک میں سوشل میڈیا کے استعمال کو منظم بنانے، بچوں کے استحصال کو روکنے اور فیملی ولاگنگ کے نام پر اخلاقی حدود کی خلاف ورزی کے پیش نظر سوشل میڈیا قوانین کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ اقدامات میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کے لیے صارفین کی کم از کم عمر کی حد مقرر کرنے اور فیملی ولاگنگ کے نام پر فحش و نامناسب مواد کی روک تھام کی اہم تجاویز شامل ہیں تاکہ آن لائن حدود کو یقینی بنایا جا سکے، وزارتِ داخلہ اس مجوزہ قانون سازی کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے وسیع تر مشاورت کرے گی۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ اہم پیشرفت سوشل میڈیا پر بچوں کے معاشی و نفسیاتی استحصال، آن لائن ہراسانی اور فیملی ولاگنگ کی آڑ میں پھیلتے ہوئے غیر اخلاقی اور نامناسب مواد سے متعلق بڑھتے ہوئے شدید عوامی و سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کی جا رہی ہے تاکہ انٹرنیٹ کو محفوظ بنایا جا سکے، اس مشاورتی عمل میں پی ٹی اے، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور وفاقی و صوبائی پولیس کے اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔

اس سلسلے میں بین الاقوامی ماڈلز کا جائزہ لیتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ حکومت آسٹریلیا سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی جدید سوشل میڈیا پالیسیوں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لے گی، جبکہ ضوابط کی پاسداری نہ کرنے والے بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندیاں یا مزید سخت شرائط عائد کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں