120

کراچی: 8 بچوں کی ماں تیسری شادی کی خواہش پر بھائی کے ہاتھوں قتل

کراچی : بہادر آباد میں بھائیوں نے تیسری شادی کرنے کی خواہش پر بہن کو قتل کرڈالا ، مقتولہ 8 بچوں کی ماں تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بہادآباد کے علاقے میں بھائیوں نے فائرنگ کرکے بہن کو قتل کردیا ، پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کے2شوہر انتقال کرچکےتھے اور وہ تیسری شادی کرناچاہ رہی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ شادی کی بات پربہن بھائیوں میں جھگڑابڑھا اور ملزم منیرنےفائرنگ کرکےاپنی شادی شدہ بہن کوقتل کیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی عمر 42سال ہے اور خاتون کے 8 بچے بھی ہیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ مقتولہ والدین کےپاس آئی ہوئی تھی تاہم ملزم واقعےکےبعدفرارہوگیا، ایس پی جمشیدٹاؤن کی زیرنگرانی میں ٹیم ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول اور دو خول برآمد کرلئے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اس سے قبل 22 جولائی کو منگھوپیر میں اپنی مرضی سے شادی کرنے والا نوجوان جوڑا اپنے گھر کے اندر مردہ پایا گیا تھا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ویسٹ حفیظ الرحمان بگٹی کے مطابق جوڑے کی لاشیں، جن کی شناخت عادل اور سدرہ کے نام سے ہوئی، ان کے گھر کے اندر سے گولیوں کے زخموں کے ساتھ ملیں۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جوڑے کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور وہ سلطان آباد میں روپوش رہتے تھے۔

حفیظ الرحمان بگٹی نے کہا تھا کہ لڑکی کے گھر والوں کو ان کا ٹھکانہ معلوم ہوا اور اس کے بھائیوں نے مبینہ طور پر جوڑے پر فائرنگ کی جس سے وہ دونوں ہلاک ہوگئے۔

ایس ایس پی ویسٹ نے دوہرا قتل غیرت کے نام پر قتل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فی الحال واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں