49

اسلام آباد میں جدید آئی ٹی پارک کی تعمیر سے پورا ملک مستفید ہوگا: وزیر اعظم

اسلام آباد(ڈیلی سحر آن لائن ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلے جدید آئی ٹی پارک کی تعمیر سے پورا ملک مستفید ہوگا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا زیر تعمیر ٹیکنالوجی پارک کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے آئی ٹی پارک کی تعمیر سے پورا ملک مستفید ہوگا اور جدید ٹیکنالوجی سے نوجوانوں کو ہنر کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کا نظام متعارف کرایا،پاکستان کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانا ہے تو دن رات محنت کرنا ہوگی، بذات خود ہفتے اور اتوار کی چھٹی کو ترک کروں گا۔محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی پارک پر تعمیر کی لاگت پر 25 ارب روپے خرچ ہوں گے، آئی ٹی پارک کی تعمیر کی70فیصد لاگت جنوبی کوریا کی حکومت دے گی، آئی ٹی پارک جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا، 8فروری کے الیکشن کے بعد حکومت نے آئی ٹی پارک کے منصوبے کے متعلق میٹنگ کی، آئی پارک منصوبے خطے میں رول ماڈل ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی کوریا کوالٹی کے معاملے پر سمجھوتانہیں کرتا، آئی ٹی پارک کے انکیو بیشن سینٹر میں 15 سٹارٹ اپس ہوں گے، آئی ٹی پارک میں 120دفاتر ہوں گے، لیول تھری کا ڈیٹا سینٹر بھی یہاں قائم ہوگا، کمپنی نے کہا کہ جون2025 میں آئی ٹی پارک منصوبہ تکمیل کو پہنچ جائےگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کمپنی سے کہا کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ، کمپنی نے کہا ہے کہ آئی ٹی پارک آئندہ سال جون کے بجائے رواں سال اکتوبر میں مکمل کیا جائے گا، آئی ٹی پارک میں تحقیق و ترقی کیلئے آئی ٹی لیبارٹریز بھی قائم کی جائیں گی، ملک بھر میں ایک ہزار ای روزگار سینٹر بھی قائم کئے جائیں گے، جس سے نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 2024 اور 2025 کے بجٹ میں ملک بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے مختلف منصوبوں کے فروغ، آئی ٹی پارکس کے قیام سمیت سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے مختلف منصوبوں کے لئے 79 ارب روپے کی رقم مختص کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں