پاکستان

6 ستمبر کا دن جرات و قربانی کے بے مثال جذبے کا عکاس ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: (گرین نیوز) ارض پاک پر ناپاک نگاہ ڈالنے والوں کو نشان عبرت بنانے کا عزم لئے قوم آج یوم دفاع ملی جوش جذبے سے منائے گی، ازلی دشمن کو اوقات میں رہنے کا پیغام بھی پہنچائے گی، دن کا آغاز صوبائی دارالحکومتوں میں 21.21 اور وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔

یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر 1965ء کا دن بہادرمسلح افواج کی جرأت و قربانی کے بے مثال جذبے کا عکاس ہے۔ 55 سال قبل مسلح افواج اور غیور قوم نےدنیا پر ثابت کیا، ہم ہر قیمت مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتا۔ جذبہ، ولولہ اور جرأت و بہادری ہوتی ہے جو سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے بیگناہ کشمیریوں پر دہشت اور خوف کاراج مسلط کر رکھا ہے۔ بھارت لائن آف کنٹرول پر بھی جارحانہ طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ان اشتعال انگیزیوں کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم سے ہٹانا ہے۔ بھارت نےآرٹیکل 370 اور 35 اےکو ختم کر کے اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ دنیا کو ادراک کرنا چاہئے ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیاء کے عوام کی اقتصادی بہبود اور خوشحالی کیلئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امن کی خاطر اور آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری پرعزم قوم اور بہادر مسلح افواج ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ 6 ستمبر کے موقع پر اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، ہم کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم آج پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، اس عزم کی تجدید جس کا مظاہرہ 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں نے کیا تھا۔

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان زندہ اور پاکستان پائندہ باد

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close